مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹرک کی خدمات حاصل کی جائیں گی
واشنگٹن 20جون(کے ایم ایس)ورلڈ کشمیر ایویئرنیس فورم (ڈبلیو کے اے ایف)نے محمد یاسین ملک اور خرم پرویز سمیت کشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرنے کے لئے 22جون بدھ کو واشنگٹن ڈی سی میں ڈیجیٹل اشتہاری ٹرک حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹرکوں کے الیکٹرانک سکرینوںپر ”فری یاسین ملک”،”فری خرم پرویز”،”کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے” جیسے مطالبات رکھے جائیں گے۔ورلڈ کشمیر ایویئرنیس فورم نے ایک بیان میں کہاکہ ہمارا مقصد واشنگٹن میں پالیسی سازوں کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو یہ بتانا ہے کہ سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت میں انسانیت کے خلاف جرائم ہو رہے ہیں اور بائیڈن انتظامیہ کو مداخلت کرنے کی ضرورت ہے۔بیان میں کہاگیاکہ ہم اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ یاسین ملک ، خرم پرویز ، شبیر شاہ ، مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی اور دیگر کے معاملات میں مداخلت کریں۔بیان میں سوال کیاگیا کہ عالمی طاقتوں کی آنکھیں کھولنے کے لیے کشمیر میں مزید کتنے لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جائے؟