بچے کی پیدائش کیلئے آنے والوں کے ویزے مسترد ہوں گے
امریکی سفارتخانے نے بھارتی شہریوں کو خبردار کردیا

نئی دلی:بھارت میں امریکی سفارتخانے نے بھارتی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ سیاحتی ویزے کو غلط مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بچے کی پیدائش کے لیے امریکہ آنے والوں کے سیاحتی ویزے اب مسترد ہوں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت میں امریکی سفارتخانے نے واضح کیا ہے کہ امریکی نظام کا غلط استعمال کرنے کی نیت سے ٹورسٹ ویزا لینے والوں کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سفارتخانے بھارت سے سیاحتی ویزا کے لیے آنے والے درخواست گزاروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی شخص کے سفر کا اصل مقصد امریکا میں بچے کی پیدائش کروا کر اسے امریکی شہریت دلوانا ہوا تو اس کی ویزا درخواست براہ راست مسترد کر دی جائے گی۔سفارتخانے کے مطابق اگر قونصلر افسر کو شواہد یا اندازوں سے یہ یقین ہو جائے کہ درخواست گزار کا بنیادی مقصد برتھ ٹورزم ہے، تو اسے ویزا جاری نہیں کیا جائے گا۔سفارتخانے نے اپنے بیان میں بتایا کہ امریکا نے درخواست گزاروں کی آن لائن اور سوشل میڈیا موجودگی کی جانچ کو مزید سخت بنا دیا ہے، جو اب نہ صرف سیاحتی ویزہ لینے والوں پر بلکہ H-1Bویزا ہولڈرز اور ان کے H-4ڈیپنڈنٹس پر بھی لاگو ہوگی۔یہ اعلان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارت میں بڑی تعداد میں ویزا درخواست دہندگان کو مطلع کیا گیا ہے کہ ان کی انٹرویوز کی تاریخیں اچانک ری شیڈول کر دی گئی ہیں، جس سے عوام میں بے چینی پیدا ہوئی۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے پہلے روز ہی پیدائش پر شہریت کے قانون کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے کو روک دیا ہے۔






