مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لیے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان ناگزیر ہے، نذیر قریشی
اسلام آباد:
”کشمیر کمپئین گلوبل“ کے سرپرست نذیر احمد قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر کی آزادی کے لیے ایک مضبوط و مستحکم پاکستان ناگزیر ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نذیر قریشی نے یہ بات ”یونائیٹڈ کشمیر جرنلسٹس ایسوسی ایشن“ (یو کے جے اے) کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق بلکہ کشمیر کاز کا ایک پرعزم وکیل بھی ہے۔انہوںنے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے حوالے سے مملکت خداد اد کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں اور پاکستانیوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کرسکتی۔ نذیر احمد قریشی نے کہا کہ پاکستان نے مئی میں ہونے والی لڑائی کے دوران بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور علاقائی بالا دستی کا اسکا خواب چکنا چور کر دیا۔ انہوںنے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی نے کشمیریوں میں امید کی ایک نئی کرن پیدا کی اور انکی تحریک آزادی کو نئی توانائی فراہم کی۔
نذیر احمد قریشی نے آزاد جموں وکشمیر کی تزویراتی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے عملی طور پر تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے اور کشمیر کاز کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے کشمیری سیاسی و سماجی تنظیموں کے درمیان ہم آہنگی اور اتحاد و اتفاق بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کچل دے گا ، بھارت کی چیرہ دستوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے شہداءکے عظیم مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔KMS-09/M







