انڈیا بلاک ارکان پارلیمنٹ کا اڈانی معاملے پر احتجاج ، پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ
نئی دہلی: بھارت میں حزب اختلاف کے اتحاد( انڈیا بلاک) کے ارکان پارلیمنٹ نے مودی کے قریب سمجھے جانے والے بزنس ٹائیکون گوتم اڈانی کے خلاف امریکہ میں فرد جرم کے معاملے پرآج پارلیمنٹ کے احاطے میں شدید احتجاج کیا اور معاملے کی ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس، اے اے پی، آر جے ڈی، شیو سینا (یو بی ٹی)، ڈی ایم کے اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے اراکین نے اپنے مطالبے کے حق میں نعرے لگائے ۔ انہوںنے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر”مودی-اڈانی ایک ہیں“ جیسے نعرے درج تھے۔ بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی احتجاج میں شامل نہیں تھے کیونکہ وہ آج ریاست اتر پردیش کے ضلع سنبھل کے دورے پر گئے ہیں۔
اڈانی گروپ کے چیئرپرسن گوتم اڈانی اور کمپنی کے دیگر اہلکاروں پر رشوت خوری اور دھوکہ دہی کے الزامات میں امریکی پراسیکیوٹرز کی طرف سے فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد کانگریس اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتیں معاملے کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) سے تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔راہول گاندھی نے اڈانی کی فوری گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا ہے۔