مقبوضہ جموں وکشمیر: امرناتھ یاترا کی حفاظت کے لیے 200 ہائی ٹیک بلٹ پروف گاڑیاں تعینات
جموں 02جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی حکام نے امرناتھ یاترا کومحفوظ بنانے کے لئے فورسز اہلکاروں کی بھاری تعدادکے ساتھ ساتھ حساس مقامات پر 200ہائی ٹیک بلٹ پروف گاڑیاں تعینات کر دی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ گاڑیاں انتہائی طاقتور خودکار نقشہ سازی کی سہولت سے لیس ہیں اور ہموار، جنگلات اورپانی کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں آسانی سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ گاڑیاں دیسی ساختہ بارودی سرنگوں (IEDs)کا پتہ لگانے کی صلاحیت رکھتی ہیں ۔سرینگر اور جموں کو امرناتھ غارسے ملانے والے راستوں پرتعینات 200گاڑیوں میں سے کئی میں”ڈیپ پینیٹریٹنگ راڈار (DPR)”نصب ہیں جو بارودی سرنگوں کا پتہ لگاسکتی ہیں۔ ایک سرکاری عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ حملے کی صورت میں ان گاڑیوں کو تقریبا 25 کلو گرام وزنی بارودی سرنگ کے دھماکے سے نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا۔انہوںنے کہا کہ ان گاڑیوں کو 43روزہ امرناتھ یاترا کو دیکھتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں تعینات کیا گیا جو 30جون کو شروع ہوئی اور 11اگست کو ختم ہوگی۔ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نام نہاد سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے اورامرناتھ غار کی طرف جانے والی گاڑیوں کے راستوں پر 130سے زائدسونگھنے والے کتوں کا استعمال کیاجارہا ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ پہلگام اور بال تل کے جڑواں راستوں پر 200سے زیادہ ڈرون استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ ہر قسم کی سرگرمی پر نظر رکھی جا سکے۔انہوںنے کہا کہ سالانہ یاترا کے دوران بارودی سرنگوں کا پتہ لگانے والے آلات اور دوربینوں سمیت اعلیٰ ٹیکنالوجی کے آلات پہلی بار استعمال کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان آلات میں کچھ اسرائیلی ساختہ بھی ہیں۔