انجمن نصرت الاسلام کا امیر کبیر میرسید علی ہمدانی کے عرس کے موقع پر انہیں زبردست خراج عقیدت
سرینگر06جولائی(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںانجمن نصرت الاسلام نے عالم اسلام کے سرکردہ مصلح ، داعی دین اوراہل کشمیر کے سب سے بڑے محسن سید السادات امیر کبیر میرسید علی ہمدانی کے عرس کے موقع پر انہیں اپنی اور تنظیم کے صدر میر واعظ عمرفاروق کی طرف سے زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجمن نصرت الاسلام نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حضرت شاہ ہمدان کو حقیقت ، معرفت ، صداقت،امانت،دیانت اور ولایت کا تاجدار قراردیتے ہوئے کہاکہ وہ کشمیریوں کے حقیقی معنوں میں ایک عظیم محسن اور مشفق ومربی ہیںجنہوں نے ختلان ایران سے کشمیر کا پرمشقت سفر کرکے اہل کشمیر کو دین حق کی طرف دعوت دی اور اہالیان کشمیر نے حضرت امیر کبیر کی ربانی آواز پر لبیک کہا۔انجمن نے کہا کہ یہ حضرت شاہ ہمدان کی ایمانی قوت اور روحانیت کا کرشمہ اور اعجاز تھا کہ انکے صرف تین تبلیغی دوروں کے نتیجے میں پوری وادی کشمیر میں ہمیشہ کیلئے ایمان ،اسلام اور اخلاق کی بہار یںآگئیں اور کشمیر کی تاریخ ہی نہیں بلکہ تقدیر بھی ہمیشہ کیلئے بدل کر رہ گئی۔بیان میں کہا گیا کہ حضرت شاہ ہمدان کی عظیم شخصیت کی بدولت نہ صرف اہل کشمیر کو اسلام کی بے بہا دولت ملی بلکہ ان کے طفیل یہاں صنعت و حرفت، فنکاری اور دستکاری کے بے شمار دروازے کھل گئے جس سے معاشی میدان میں بھی ایک خوشگوار انقلاب برپا ہو گیا اور اہل کشمیر ان صنعتوں کی بدولت عالمی سطح پر آگے بڑھنے لگے۔انجمن نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدان کا عرس منانے کا حق اسی وقت ادا کیا جاسکتا ہے جب ان کے دکھلائے ہوئے راہ حق اور قرآن و حدیث کی رہنمائی کو ہم سب اپنی زندگیوں کیلئے مشعل راہ بنائیں اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالنے کا عزم کریں۔