مضامین

شہد برہان وانی ، تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جہت دینے والا نوجوان

image_2022-07-08_122045684شہرہ افاق اور افسانوی شہرت کے حامل نوجوان کشمیری رہنما برہان وانی اور ان کے دو ساتھیوں سرتاج اورپرویز احمد کی آج چھٹی برسی ہے،جنہیں 2016 میں آج ہی کے دن بمہ ڈورو کوکر ناگ اسلام آباد میں ایک فرضی جھڑپ میں شہید کیا گیا تھا،برہان وانی ایک معصوم اور کمسن ضرور تھے لیکن جو شہرت اور عزت اس کے حصے میں آئی ہے شائد ہی غاصب قوتوں کے خلاف جدوجہد کرنے والی قوموں میں آج تک کوئی اس کے قریب قریب بھی پہنچا ہو۔خود مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلح جدوجہد کے بانیاں بھی اتنے مقبول عام نہیں ہوئے ،جتنے برہان ہوئے،اس کی معصومیت نے تحریک آزادی کشمیر کو وہ بام عروج بخشا ،جس کا اندازہ شائداپنوں کو بھی نہیں تھا،مقبوضہ جموں وکشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے 1989 ء میں شروع کی جانے والی جدوجہد کے ٹھیک چھ برس بعد یعنی 19ستمبر 1994 میں شریف آباد ترال میںاستاد مظفر وانی کے گھر ایک بچہ جنم لیتا ہے،اس کا نام محمد برہان مظفر وانی رکھا جاتا ہے۔برہان خوش قسمیت واقع ہوئے۔اس کے دونوں والدین درس وتدریس کے ساتھ وابستہ ہیں،یوں اس سے گھر سے ہی تعلیم و تربیت کا وہ بہترین ماحول میسر آیا ،جودوسروں کو کم کم ہی میسر آتا ہے۔یہ والدین کی بہترین تربیت کا ہی اثر تھا کہ برہان اول جماعت سے لیکر دسویں جماعت تک اپنی کلاس میں اول آتا رہا۔2011 ء میں برہان 16 برس کی عمر میںتحریک آزدی کشمیر کی جدوجہد کیلئے حزب المجاہدین میں شامل ہوئے۔ انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جہت دینے کیلئے دو کام کئے،ایک اپنے اصل نام سے اپنے آپ کو اہل کشمیر میں متعارف کرایا،دوسرا سوشل میڈیا کو بطور ٹیکنالوجی ٹول استعمال کرکے کشمیری نوجوانوں میں بھارت کے خلاف جدوجہد میں شامل ہونے پر آمادہ کیا،وہ براہ راست کشمیری نوجوانوں کو مخاطب کرکے انہیں تحریک آزادی کا حصہ بننے کی دعوت دیتا رہا،ان کی دعوت پراثر بھی تھی اور انہیںنوجوانوں کو اپنی جانب راغب کرنے کا فن بھی آتا تھا،اس نے جب بھی کشمیری نوجوانوں کو مسلح جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دی تو ہمیشہ اپنی دعوت کا آغاز قرآن پاک کی آیات سے کرتے تھے۔یہ انہی کی دعوت کا نتیجہ ہے کہ بظاہر دم توڑتی تحریک آزادی کشمیر از سر نو منظم ہوئی،جس تحریک ازادی کو بھارت اعلی اعلان ختم کرنے کا دعوی کررہا تھا ،اس تحریک نے جیسے نیا جنم لیا۔درجنوں اور سینکڑوںنوجوان برہان کی دعوت پر لبیک کہہ کر تحریک آزادی میں شامل ہوگئے،یوں ایک ریاست گیر تحریک دوبارہ شروع ہوئی،جس کا سہرا یقینا برہان وانی کے سر ہے۔بلکہ تجزیہ نگار کہتے ہیں کہ برہان وانی نے ایک دم توڑتی تحریک میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔وہ بھارتیوں کیلئے خوف کی مانند تھے۔وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کرتے تھے کہ جنہیں اہل کشمیر کی جانب سے ہاتھوں ہاتھ لیا جاتا تھا۔وہ ایک چھلاوے کی شکل اختیار کرچکا تھے۔لاکھوں بھارتی فوجیوں،ان کی ایجنسیوں اور پولیس نے برہان کو پکڑنے کا جال بچھایا تھا،مگر ادھر ڈوبے ادھر نکلے کے مصداق وہ بھارتیوں کو تگنی کا نچاچ نچاتے رہے۔بلاشبہ وہ اہل کشمیر کے دلوں میں گھر کرگیا اور آج بھی کشمیری عوام ان کے نام کی مالا جھپتے ہیں۔یہ انہی کی کاوشوں کا ثمر ہے کہ بھارت تمام تر جبراور تاریخ کے بدترین مظالم کے باوجود اہل کشمیر کی عظیم اور لازوال قربانیوں سے مزین تحریک آزادی کو کمزور اور ختم کرنے کیلئے بار بار اپنا سر زخمی کررہا ہے۔
2015 کے اوائل میں برہان وانی کے بڑے بھائی خالد مظفر کو اس وقت بھارتی سفاکوں کی جانب سے شہید کیا گیا جب وہ اپنے تین دوستوں کے ہمراہ ایک سیاحتی مقام کی جھیل پر تفریح پروگرام میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔اس سفاکانہ کاروائی کا مقصد اس کے سوا کچھ نہیں تھا کہ برہان کے عزم و حوصلوں کو کمزور کرنا تھا،مگر فولادی عز م کے مالک برہان حزب المجاہدین میں شامل ہوتے وقت یہ فیصلہ کرچکے تھے کہ گھروالوں اور عزیز و اقارب کو بھی تحریک پر قربان کرنا پڑے گا،اور جوان سال بھائی کی مظلومانہ شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت تمام تر عالمی قوانین اور معاہدوں کو خاطر میں لائے بغیر کس طرح مزاحمت کرنے والے کشمیریوں کے اہل خانہ کو بے دردی سے نشانہ بناتا ہے،مگر برہان نے اپنے بھائی کی شہادت کے باوجود غاصب بھارت کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھی،اور کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ کرنے پر تیار نہیں ہوا یہاں تک 2016ء میں آج ہی کے دن ملت اسلامیہ کے ماتھے کا یہ جھومراپنے دو ساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمدکے ہمراہ بمہ ڈورو کوکر ناگ میں بھارتی غاصبوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرگیا۔برہان کی شہادت کی اطلاع پھیلنے کی دیر تھی،کہ پورا مقبوضہ کشمیر بھارت کے خلاف ایک اتش فشان کی شکل اختیار کرگیا،لاکھوں لوگ شہید برہان کے آبائی قصبہ ترال میںآمڈ آئے،چونکہ برہان اور ان کے ساتھیوں کی شہادت رات کے وقت ہوئی،اہل کشمیر نے اپنے اس بہادر بیٹے اور شپوت کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ترال کا رخ کیا،بھارتی درندوں نے اس صورتحال سے بوکھلا کر لوگوں پر بندوقوں کے دہانے کھول دیئے،جس کے نتیجے میں درجنو ں کشمیری برہان کے ساتھ ہی جام شہادت نوش کرگئے۔پروفیسر مظفر وانی کا گھر لوگوں کا بوجھ برداشت نہیں کرسکا۔واش روم کی چھت گرگئی۔پورا مقبوضہ کشمیر باالعموم اور جنوبی کشمیر کا ترال باالخصوص پوری رات جاگتا رہا۔دوسرے دن 9 جولائی کو جب برہا ن کا جنازہ اٹھایا گیا تو اہل کشمیر کا سمندر نماز جنازہ میں شرکت کیلئے عید گاہ ترال کی جانب روان دوان تھا،عیدگاہ ترال اپنی تمام تر وسعتوںکے باوجود کم پڑ گیا،اپنے تو اپنے غیر بھی یہ اعتراف کرنے پر مجبور ہوگئے کہ برہان وانی کی نماز جنازہ میں پانچ لاکھ سے زائد لوگ شریک ہوئے۔ جن میں زیادہ تعداد نوجوانوں کی تھی۔اس کے علاوہ پورے مقبوضہ کشمیر ،آزاد کشمیر ،پاکستان اور دنیا بھر میں ان کی غائبانہ نماز ادا کی گئی،یوں دس لاکھ لوگوں نے برہان وانی کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔جس کی گونج بھارتی پارلیمنٹ میں بھی سنائی دی گئی،جب ریاست تلگانہ کی دارلحکومت حیدر آباد سے منتخب بھارتی رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے بھارتی پارلیمنٹ میں برہان وانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ ایک کم عمر کشمیری بچے کی نماز جنازہ میں پانچ لاکھ لوگ شریک ہوئے،جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیری اس کو بہت پسند کرتے تھے۔
برہان کی شہادت مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف انتفادہ کی تحریک کی وجہ بنی،پورے پانچ ماہ تک بھارت کیخلاف احتجاج اور مظاہروں کاسلسلہ جاری رہا،بھارتی سفاکوں نے ان مظاہروں کے دوران 156 کشمیری نوجوانوں ،بزرگوں اورخواتین کے سینے گولیوں سے چھلنے کئے،جبکہ تین ہزارافراد کو زخمی کیا گیا۔مگر اہل کشمیر کا جذبہ حریت کسی طرح ماند نہیں پڑسکا۔جس کا عملی ثبوت یہ ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد میں 2016ء سے لیکر آج تک سینکڑوں نوجوان جو برہان وانی کی دعوت پر مسلح جدوجہد میں شامل ہوئے،جام شہادت نوش کرگئے۔برہان وانی گروپ کے تمام جانباز مرتبہ شہادت پر فائز ہوچکے ہیں۔آج بھی اہل کشمیر کے گبر و جوان بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرتے۔شہید برہان وانی زندہ برہان وانی بھارت کیلئے زیادہ خطرناک اور ڈروانا خواب کی مانند ہیں۔
برہان وانی کے یوم شہادت کو آج کنٹرول لائن کی دونوں جانب ،پاکستان اور دنیا بھر میں یوم مزاحمت کے طور پرمنایا جاتا ہے۔اہل کشمیر کو شہید کے آبائی قصبہ ترال کی طرف مارچ اور ان کے حق میں دعائیہ مجالس منعقد کرنے کی اپیل کی جاچکی ہے۔بلا شبہ شہید برہان وانی مقبوضہ جموں و کشمیر پرناجائز اور غاصبانہ بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت کی علامت ہیں۔اس معصوم شہید کا خون بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو ہمیشہ زندہ رکھنے کا اہتمام کرے گا۔ کشمیری عوام اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ یہ قربانیاں بھارت کے لئے پیغام ہیں کہ کشمیری عوام موت تو قبول کر لیں گے مگر غلامی نہیں۔ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جانیں قربان کرتے رہیں گے۔کوئی طاقت کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو روک نہیں سکتی۔بھارت اپنی فوجی طاقت کے ذریعے بہادر کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو نہ ماضی میں دبا سکا اور نا ہی آئندہ اس کوئی امکان ہے۔برہان وانی جیسے لوگ مرا نہیں کرتے ،بلکہ لوگوں کے دلوں پر ہمیشہ راج کرتے ہیں،وہ کل بھی اہل کشمیر کے دلوں پر راج کرتا تھا،آج بھی کررہا ہے اور تاصبح قیات راج کرتا رہے گا۔ان کی شہادت تحریک آزادی کشمیر کیلئے تازہ ہوا ایک جھونکا ہے،جس کی تازگی 2016ء کی طرح آج بھی محسوس کی جاتی ہے۔آج بچہ بچہ برہان وانی کے نام سے واقف ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ برہان وانی اپنے پیچھے لاکھوں برہان پیدا کرچکا ہے۔ انہیں پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفنایا گیا۔اس وقت کے پاکستانی وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران برہان مظفر وانی کو آزادی کا سپاہی قرار دیاتھا۔
سید صلاح الدین احمد نے شہید برہان وانی کی شہادت پر اہل کشمیر کے والہانہ جذبہ حریت کو سراہتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا بہت کم مشاہدے میں اچکا ہے کہ ایک معصوم نوجوان اس قدر اپنے قوم کے دلوں میں گھر کرچکا ہو۔جو اہل کشمیر کی تحریک ازادی اور مجاہدین کے ساتھ ان کے بے لوث رشتے کو ظاہر کرتا ہے،ایسے جذبے کو ختم کرنا کسی ظالم اور جابر طاقت کے بس کی بات نہیں ہے۔اللہ تعالی ایسے جذبوں کو قائم و دائم رکھیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button