انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کی طرف سے عالم اسلام سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو عید کی مبارکباد
ا
سرینگر09جولائی(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںانجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنی اورتنظیم کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی طرف سے جو گزشتہ تین سال سے مسلسل اپنے گھر میں نظربند ہیں، عالم اسلام سمیت دنیا بھر کے مظلوم اور ستم رسیدہ مسلمانوں کو دل کی عمیق گہرائیوں سے عید الاضحی کی مبارکباددی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جہاں تک مقبوضہ جموں و کشمیر میں عید الاضحی منانے کا تعلق ہے تو اس سال کی عید بھی ایسے وقت پر منائی جا رہی ہے جب کشمیری عوام انتہائی مشکل حالات سے گزر رہے ہیں۔انجمن نے عید الاضحی کے فلسفے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اسے”عوام کی معراج”قرار دیا۔بیان میں کشمیری عوام پر زوردیاگیا کہ وہ عیداسلامی روایات اور تعلیمات کے مطابق سادگی سے منائیں اور معاشرے کے غریب ، پسماندہ اور ضرورتمندوں کا خیال رکھ کراللہ تعالی کی خوشنودی حاصل کریں۔