مقبوضہ جموں وکشمیر میں پوسٹر چسپاں، لوگوں سے 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کی اپیل
سرینگر12 اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرز چسپاں کیے گئے ہیں جن میں لوگوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کے موقع پر مکمل ہڑتال کریں اور اسے یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں سرینگر اور دیگر مقامات پر چسپاں اور سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹروں کا مقصد اکتوبر 1947 سے جموں وکشمیر پر جاری غیر قانونی بھارتی قبضے اور مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کے خلاف احتجاج درج کرانا ہے۔
پوسٹرز میں کہا گیا کہ کشمیریوں نے غیر قانونی بھارتی قبضے کو مسترد کر دیا ہے ۔پوسٹروں میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف قبضہ کر رکھا ہے اور کشمیری بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
پوسٹروں میں لکھا ہے ”بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ ہے، ہم آزادی چاہتے ہیں،بھارت مقبوضہ علاقے میںانسانیت کے خلاف سنگین جرائم کر رہا ہے“۔
کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اور پوری دنیا میں مقیم کشمیری 15اگست کو بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے جسکا عالمی برادری اور بھارت کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ کشمیری جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔