حریت چیئرمین کی طرف سے کشمیریوں سمیت امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارکباد
نئی دہلی09جولائی(کے ایم ایس)کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپرنظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کشمیریوں سمیت پوری امت مسلمہ کو عید الاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ دن دور نہیں جب ہم وقت کے ظالم اور جابر سے آزادی حاصل کریں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے مظلوم کشمیریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ عید بالکل سادگی سے منائیں اور بیوائوں، یتیموں، مسکینوں اور شہداء اورنظربندوںکے اہل خانہ کا خاص خیال رکھیں اور ان کو عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔انہوں نے کہا کہ عید قربان ہمیں یہی درس دیتی ہے کہ ہم انفرادی طورپراور بحیثیت قوم ہر وقت مال، جان اور وقت کی قربانی کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا حضرت ابرہیم علیہ السلام کی پوری زندگی قربانیوں سے بھری پڑی ہے اورانہی قربانیوں کی بدولت وہ نہ صرف اللہ کے محبوب بندے بن گئے بلکہ اللہ پاک نے انکو اس وقت کے ظالم وجابر حکمران نمرود پر نصرت و فتح عطا فرمائی۔ حریت چیئرمین نے قوم کو یقین دلایا کہ ہم عظیم قربانیوں کی ہر حال میں حفاظت کریں گے۔ انہوں نے کہا ہم پھانسی پر لٹکنا یا جیلوں میں سڑنا پسند کریں گے لیکن ظالم اور جابر حکمرانوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔انہوں نے اس موقع پر ان مائوں اور بہنوں کو سلام عقیدت پیش کیا جنہوں نے اپنے لخت ہائے جگر کو قوم کی آزادی کے لئے قربان کیا ۔