محمد حسین خطیب اور دیگررہنمائوں کا کشمیری نظربند وں کی حالت زار پر اظہارتشویش
اسلام آباد24جولائی(کے ایم ایس) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سابق کنوینر محمد حسین خطیب اورجموںو کشمیر فریڈم موومنٹ فورم کے رہنمائوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت کی جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں اورکارکنوں کی حالت زار پر شدید تشویش کااظہار کیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد حسین خطیب اورفورم کے دیگررہنمائوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ بھارت تحریک آزادیِ کشمیر کو دبانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت تحریک آزادی کی قیادت کو ماورا عدالت قتل کرکے ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیری قیادت کوجیلوں میںنظربندی کے دوران طبی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے ، انہیں ناقص خوراک فراہم کی جارہی ہے اور ذہنی اورجسمانی تشددکا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ حریت رہنمائوں نے کہاکہ محمد اشرف صحرائی اوردیگر رہنمائوں کی دوران حراست شہادت اسی ظالمانہ سلوک کا شاخسانہ ہے۔ محمد حسین خطیب اور دیگر رہنمائوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میںموجود اپنی قیادت سے آن لائن میٹنگ کی اور ریاست کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے محمد یاسین ملک کی جانب سے تادمِ مرگ بھوک ہڑتال اور انکی زندگی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری مداخلت کرے اور بھارت کوظالمانہ اقدامات سے روکے۔ حریت رہنمائوںنے محمد شریف سرتاج اورمحمد حنیف کالس سمیت جموں خطے سے تعلق رکھنے والی آزادی پسندسیاسی قیادت اورشبیر احمد شاہ،نعیم احمد خان ، آسیہ اندرابی اور دیگر رہنمائوں کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کی ۔
فورم کے رہنمائوں نے جموں خطے کے پیر پنجال علاقے سے تعلق رکھنے والے صف اول کے مجاہد کمانڈر حاجی نور حسین شہید اور انکے لخت جگر محمد اقبال شہید المعروف عبداللہ کو ان کے 21ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اقوم متحدہ،اوآئی سی، عرب لیگ اور دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جنگی جرائم سے روکنے کے لئے اپنا کردار اداکریں۔