شبیر شاہ کی کشمیریوں سے 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل
سرینگریکم اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ 5اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں تاکہ دنیا کو یہ مضبوط پیغام دیا جا سکے کہ کشمیری جموں و کشمیر پربھارت کے غیر قانونی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نظربند رہنما نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں جسے سرینگر میں جاری کیا گیا، 5اگست 2019کو بھارتی استعمار کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اس دن مقبوضہ جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت چھین لی ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی انضمام کی کوشش بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے جو ایک قابض ریاست کے طور پر بھارت کوکسی بھی یکطرفہ کارروائی سے سختی سے روکتی ہیں۔شبیر شاہ نے اسے غیر اخلاقی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس وقت اٹھایا گیا جب مقبوضہ جموں و کشمیر کے پورے علاقے اور اس کی آبادی کو ایک سال سے زائد عرصے تک محاصرے میں رکھ کر یرغمال بنایا گیا اور مواصلاتی بندش لگا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قیادت، سول سوسائٹی کے ارکان، دانشوروں،انسانی حقوق کے کارکنوں اور وکلا ء کو مکمل طورپر خاموش کرانے کے لیے گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔حریت رہنما نے جدوجہدآزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اس حقیقت کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ غیر قانونی طاقت کا استعمال قوموں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ہمیشہ ناکام رہاہے اور کشمیر میں بھی ایسا ہی دیکھنے میں آیا جہاں کے عوام بھارت کے وحشیانہ جبر کے باوجود اپنی جدوجہد سے دستبردارہونے کے لئے تیارنہیں ہیں۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء فریدہ بہن جی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں 5اگست2019کو جموں کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قراردیتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت اس طرح کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے نہ تو کشمیریوں سے انکی خصوصی شناخت چھین نہیں سکتی اور نہ ہی اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ 5اگست کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کشمیریوں کے خلاف ایک کھلی جارحیت ہیں اور انہوں نے کشمیریوں پر اس دن کویوم سیاہ کے طورپر منانے پر زوردیا۔