مقبوضہ کشمیر: قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے
سرینگر02 اگست(کے ایم ایس)
غیرقانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جمو ں و کشمیر میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں میں پبلک ہیلتھ ایمپلائز کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے سینکڑوں ملازمین نے جموں میں سڑکوں کو بلاک کرکے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہناتھا کہ اگر ان کے مطالبات کو منظور نہیں کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج میں مزید تیزی لائیں گے ۔ قابض انتظامیہ کے زیر انتظام سرینگر کے سینٹور لیک ویو ہوٹل کے درجنوں ملازمین نے ہوٹل انتظامیہ اور ہوٹل کارپوریشن آف انڈیا کی طرف سے برطرف کئے گئے 160ملازمین کی بحالی کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پریس انکلیو سرینگرکے باہرمظاہرین نے ہوٹل کارپوریشن آف انڈیا اور قابض انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔فنانشل اکائوٹنس اسسٹنٹ کی مشتہر آسامیوں پر بھرتی کے خواہشمند بڑی تعداد میں کشمیری نوجوانوں نے اپنے مطالبات کے حق میں آج پریس کالونی سرینگر میں مسلسل 21ویں دن بھی احتجاجی مظاہرہ جاری رکھا۔ ان کا کہناتھا کہ رواں سال مارچ میں انہوں نے بھرتی کیلئے امتحان دیا تھا تاہم حکام میرٹ لسٹ جاری کرنے کی بجائے اس سارے عمل کو ہی منسوخ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
ادھر راجوری میں کشمیری طلباء اوران کے والدین نے تھانہ منڈی میں گورنمنٹ ہائی اسکول منیال کے ایک استاد کی طرف سے ایک طالب علم پر وحشیانہ تشدد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔