جموں : وکلا کا اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ
جموں 04 اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں، سینکڑوں وکلاء نے جموں میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کی کال ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں شاخ نے دی تھی ۔ احتجاجی وکلا ء نے لیفٹیننٹ گورنر ہائوس کے باہر شدید احتجا ج کیا اور اور دھمکی دی کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں شدت لائیں گے۔
ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں شاخ کے صدر ایم کے بھردواج نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے گزشتہ برس نومبر میں لیفٹیننٹ گورنر،منوج سنہا کو اپنے مطالبات کے حوالے سے ایک یادداشت پیش کی تھی لیکن ایسا لگتا ہے کہ ہماری وہ یاداشت کہیں گم کی دی گئی ہے جس کی وجہ سے اب ہمیں سڑکوں پر آنا پڑہے۔ انہوں نے اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
دریں اثنا ضلع پلوامہ کی تحصیل اریپال میں آنگن واڑی کارکنوں کے ایک گروپ نے احتجاجی مظاہرہ کیا اوراپنی زیر التواء اجرت واگزار کرنے کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر ایک کارکن نازیہ اختر نے کہا کہ انہیں گزشتہ چار ماہ سے اجرت نہیں دی گئی جس کی وجہ سے وہ سخت مشکلات کا شکار ہیں۔