پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو ہمیشہ عالمی فورموں پر اٹھایا ، ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ
سرینگر 23ستمبر( کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ پاکستان نے تنازعہ کشمیر کو ہمیشہ عالمی فورموں پر اٹھایا ہے جس سے دیرینہ تنازعہ دنیا میں اجاگر ہوا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں ، علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے مذموم اقدامات اور کشمیر یوں کو حق خود اردیت دینے سے بھارت کے مسلسل انکار سے عالمی رہنمائوں کو ایک مرتبہ پھر آگاہ کریں گے ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کی ہے اور وہ چاہتا ہے کہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت ملے جن پر کشمیری اسکے مشکور ہیں۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما شیخ عبدالمتین نے ایک بیان میںترک صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کوبھرپور انداز میں اجاگر کر نے کاخیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ترکی کی حکومت نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کشمیر کے بارے میں ترک صدر کے دوٹوک موقف پر ان سے اظہار تشکر کیا۔