مقبوضہ جموں وکشمیر:شہداءکے مشن کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ
بھارتی فوجیوں نے مزید دو بیگناہ کشمیری نوجوان شہید کر دیے
سرینگر11 اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ممتاز شہید کشمیری رہنما شیخ عبدالعزیز کو آج 14ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداءکے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے شیخ عبدالعزیز کو 2008 میں آج کے دن اس وقت شہید کیا تھا جب وہ جموں کے ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی معاشی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کیطرف ایک بڑے مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر سینٹرل جیل سے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ شیخ عبدالعزیز کو جموں و کشمیر کی تاریخ میں ہمیشہ ایک عظیم ہیرو کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ عزیز ایک دوراندیش سیاسی رہنما تھے جنہوں نے بھارتی فوجی طاقت کے سامنے سر تسلیم خم کرنے یا ہتھیار ڈالنے کے بجائے اپنے سینے پر گولیاں کھائیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سکریٹری مولوی بشیر احمد عرفانی اور اتحاد اسلامی جموں و کشمیر نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ تحریک آزادی کے لیے شیخ عبدالعزیز کی خدمات اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے شیخ عبدالعزیز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج مظفرآباد میں ایک ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاءنے شیخ عزیز کی تصاویر والے بینرز اٹھارکھے تھے اور وہ کشمیری شہداءکے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔
ادھرمقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج مزید2 کشمیری نوجوانوںکو شہید کردیا ہے۔جموں کے ضلع راجوری کے علاقے پرگال میں ان شہادتوں سے گزشتہ دو دن کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوںکی تعداد بڑھ کر 5ہو گئی ہے ۔ فوجیوں نے گزشتہ روزضلع بڈگام کے علاقے وتر ہیل میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران 3نوجوانوںکوشہید کردیاتھا۔ بھارتی فوج نے دعوی ٰ کیاہے کہ پرگال میں فوجی کیمپ پر ایک حملے میں3بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے ۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھنے والوں، سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہاہے کہ پرگال میں فوجی کیمپ پر حملہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے مودی حکومت کی طرف سے دہشت گردی کی ایک اور جعلی کارروائی ہو سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی یوم آزادی کی تقریبات سے چند دن قبل ہونے والا یہ واقعہ پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی بلیک لسٹ میں ڈلوانے سمیت متعدد مذموم مقاصد کیلئے مودی کی ہندوتوا حکومت کی طرف رچایا جانیوالاایک اور ڈرامہ ہو سکتا ہے ۔
دریں اثناءبھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع گدگ کے علاقے ملاسامدرا میں محرم کے جلوس پر ہندو تواغنڈوں کے حملے میں دو مسلمان نوجوان زخمی ہو گئے۔ زخمی نوجوانوں کی شناخت توصیف Hosmaniاور مشتاقHosmani کے طورپر ہوئی ہے۔