نئی دلی:عدالت میں فائرنگ سے ایک گینگسٹر سمیت متعدد افراد ہلاک
نئی دلی 24ستمبر (کے ایم ایس)
بھارتی دارلحکومت نئی دلی کی ایک عدالت میں مبینہ طور پر فائرنگ میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو حملہ آور بھی شامل ہیں جو دلی کی روہنی عدالت میں وکلا کا لباس پہن کر داخل ہوئے تھے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق حریف گروپ کے حملہ آوروں جنہوں نے وکلا کا لباس پہن رکھا تھا عدالت میں پیش کئے جانے والے جتندر گوگی نامی گینگسٹر کوگولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔فائرنگ میں ایک خاتون وکیل بھی زخمی ہو گئی ہے ۔حملہ آوروں نے عدالت میں 30سے زائد گولیاں چلائیں۔ دلی پولیس کے کمشنر راکیش استھانہ کے حوالے سے ایک نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ دو مجرموں نے گینگسٹرجتیندر مان گوگی پر اس وقت فائرنگ کی جب اسے عدالت میں پیشی کیلئے لے جایا جارہا تھا۔ جوابی کارروائی میں پولیس نے دونوں حملہ آوروں کو گولی مارکر ہلاک کر دیا ۔ ان میں سے ایک کے سر پر 50ہزار روپے کا انعام تھا۔جتندر گوگی ایک بدنام زمانہ گینگسٹرتھاجسے تقریبا دوبرس قبل ہریانہ کے قریبی علاقے گڑگائوں سے گرفتار کیا گیا تھا۔