”عالمی یوم خواتین“:پاکستان کا بھارتی مظالم کا شکار کشمیری خواتین کو خراج تحسین
اسلام آباد:
پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی مظالم کا مسلسل شکار کشمیری خواتین کو بے مثال عزم وہمت پر شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے آج (جمعرات ) پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ کل 8 مارچ بروز جمعہ خواتین کا عالمی دن منا یا جارہا ہے اور ہم اس موقع پر کشمیر کی ان باہمت خواتین کو یاد کرنا چاہیں گے جوبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا بہادری سے سامنا کر رہی ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ کشمیری خواتین بڑے پیمانے پر دکھ جھیل رہی ہیں اور ان بے پناہ رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں جو بنیادی ضروریات تک رسائی اور باوقار زندگی گزارنے کی راہ میں انہیں درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کے جعلی مقابلوں میں شہید ہونے والے کشمیری مردوں کی بیوائیں اور یتیم ہونے والی کشمیری لڑکیاں اپنے خاندانوں کا واحد ذریعہ معاش بننے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھرانوں کی سربراہی کرنے والی خواتین کو معاشرے میں اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
ترجمان نے کہا کہ حریت رہنماﺅں آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی سمیت کئی کشمیری خواتین بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری خواتین اپنی زندگی اپنی مرضی کے مطابق گزارنے کی مستحق ہیں اور وہ اپنے حقوق اور آزادی بشمول پرامن اجتماع اور اظہار رائے کی آزادی کا حق رکھتی ہیں۔ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔KMS-12/M