سرینگر سے ایک شخص کی لاش برآمد، جموں میں مکان گرنے سے دوبچوں کی موت
سرینگر 20 اگست (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںسرینگر کے علاقے آلوچی باغ سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں نے آلوچی باغ میں ایک نامعلوم شخص کی لاش دیکھی جس کے بعد انہوں نے مقامی پولیس کو مطلع کیا۔ ذرائع نے بتایاکہ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔ بعد میں لاش کو طبی اور قانونی کارروائی کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کردیاگیا۔ لاش کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔
دریں اثناء جموں خطے کے ضلع ادھم پور میں شدید بارش کے باعث ایک کچا مکان منہدم ہونے سے دوبچوں کی موت ہوگئی ہے۔قابض حکام نے بتایاکہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات کو ٹکری بلاک کے گائوں سمولے میں ایک کچا مکان منہدم ہوگیا جس کے نتیجے میں دو کمسن بچوں کی موت واقع ہوگئی۔ حکام نے بتایا کہ دونوں بچوں کی لاشیں جن کی عمریں دو ماہ سے ڈیڑھ سال کے درمیان ہیں،امدادی کارکنوں نے نکالی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں کئی دیگر مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔