قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شوپیاں میں احتجاجی مظاہر ہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع شوپیاں کے علاقے لنڈورہ کے رہائشیوں نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں بالخصوص بجلی کی مسلسل بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لوگ بڑی تعداد میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہرجمع ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں بجلی کے بل اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے بجلی کی شدید کٹوتیوں پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا جس سے ان کے معمولات زندگی درہم برہم ہوکررہ گئے ہیں، طلبا ء کوامتحانات کی تیاری اورمریضوں کو آکسیجن کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور کاروبار کو بھاری نقصان ہو رہا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے حکام سے ان کی بار بار کی جانے والی اپیلوں پر کان نہیں دھرے جاتے۔ ایک شخص نے بتایاکہ ہمیں شدید سردی میں بجلی جیسی بنیادی سہولت کے بغیر چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ انتظامیہ کی سراسر غفلت ہے۔مکینوں نے کہا کہ بھارت کی مسلط کردہ انتظامیہ ایسی پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جن میںعلاقے کے لوگوں کی بنیادی ضروریات کو نظر انداز کیاگیا ہے ۔ انہوں نے اسے مقامی آبادی کو دبانے کے وسیع تر ایجنڈے کا حصہ قرار دیتے ہوئے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔







