سید علی گیلانی کا نعرہ ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ آج ہر طرف گونج رہا ہے
اسلام آباد 01 ستمبر (کے ایم ایس)
بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی بلاشبہ جموں و کشمیر کی مزاحمتی تاریخ کی ایک بلند پایہ شخصیت ہیں۔
سید علی گیلانی مشہور نعرے ’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘ کے خالق ہیں، جو دنیا کے ہر اس گوشے میں گونج رہا ہے جہاں کشمیری آبادہیں۔کشمیر کاز کے لیے ان کی لگن کے نتیجے میں آج ہر ایک کشمیری سید علی گیلانی بن چکا ہے۔بھارتی جبر کے خلاف بہادری، حوصلے اور مزاحمت کی علامت سید علی گیلانی نے ساری زندگی جموں و کشمیر میں رائے شماری کے انعقاد کے منصفانہ مقصد کی حمایت میں بسر کی ۔جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف ایک مضبوط آواز ہونے کی وجہ سے سید علی گیلانی کو بڑے پیمانے پر بھارتی حکام کے عتاب کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں برسہا پرس تک مختلف جیلوں میں رکھا گیا۔انہوں نے گزشتہ برس یکم ستمبر کو سری نگر کے علاقے حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ میں بھارتی پولیس کی حراست کے دوران شہادت پائی تھی جہاں انہیں ایک دہائی سے زائد عرصے تک مسلسل نظربند رکھا گیا۔مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی فسطائی بھارتی حکومت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس وقت جو کچھ کر رہی ہے اس نے ہر دلعزیز کشمیری قائد سید علی گیلانی مرحوم کی اعلیٰ قائدانہ صلاحیت ، غور و فکر اور درراندیشی کی تصدیق کر دی ہے ۔مرحوم قائدنے برسوں قبل کشمیر دشمن بھارتی اقدامات کا ادارک کر لیا تھا اور وہ اپنی تقاریر اور بیانات کے ذریعے اس حوالے سے کشمیریوں کو آگاہی و شعور دیتے رہے۔سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی، کشمیریوں کی زمینوں پر قبضے ، بھارتی فوجیوں اور کشمیری پنڈتوں کیلئے الگ کالونیو ں کی تعمیر ، کشمیریوں کے وسائل کی لوٹ مار ، نئے ڈومیسائل قوانین کے اجراء، اسمبلی حلقوں کی از سرنو حدبندی کے نام پر قبل از انتخابات دھاندلی ا ور بھارتی شہریوں کو ووٹ کا حق دینے جیسے بھارتی اقدامات کی بہت پہلے نشاندہی کر دی تھی۔