اسلام آباد:
اسلام آباد میں ایک کانفرنس کے مقرر ین نے بزرگ کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کوکشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جاری جدوجہد میں گرانقدر خدمات اور قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کے زیر اہتمام سیدعلی گیلانی کے چوتھے یوم شہادت کے موقع پر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں کانفرنس منعقد کی گئی ۔کانفرنس میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون، آزاد جموں و کشمیر کے وزراء چوہدری رشید، امتیاز نسیم، فرزانہ یعقوب،سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق،کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد، سابق سفیر نفیس ذکریا، سیدنذیر گیلانی، ولسن وزیرکے علاوہ حریت قائدین ، سیاسی و سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی کشمیرکیلئے ان کی گرانقدر خدمات اور قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مرحوم رہنماء کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کیا۔
کانفرنس میں سیدعلی گیلانی کے ادھورے مشن کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔مقررین نے کہاکہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادیں بنیادی اہمیت کی حامل ہیں اورکشمیری اس دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے کوئی اور فارمولہ قبول نہیں کریں گے۔مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔مقررین نے کہاکہ سید علی گیلانی جموں وکشمیر کے پاکستان سے الحاق کے زبردست حامی تھے اور بزرگ رہنماء ” ہم پاکستانی ہے، پاکستان ہمارا ہے ”کے شہرہ آفاق موقف کی تعریف کی۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری سیاسی نظربندوں کی حالت زار کا نوٹس لیں۔کانفرنس کے اختتام پر سیدعلی گیلانی اور تمام شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔






