جموں میں سکھ برادری کے رکن کی پراسرار موت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
جموں 06ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع اودھمپور میں سکھ برادری کے ایک رکن کرن سنگھ کٹوچ کی پراسرار موت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
اودھمپور کے علاقے اپر میر کے رہائشی کرن سنگھ کی لاش رواں سال27جون کو جنگل کے علاقے میں ایک درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھی۔ ا سے اسپیشل پولیس آفیسر نے کرن کے گھر آکر اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی ۔کرن اسی دن لاپتہ ہو گیاتھا اور اگلےدن اس کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔کرن سنگھ کے اہل خانہ سمیت مظاہرین نے ادھمپور-پنچاری روڈ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک کو بلاک رکھا۔ وہ تعزیرات ہند کی دفعہ 302کے تحت مقدمے کے اندراج اور مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔مقتول کے والد کھجور سنگھ کے مطابق ایک ایس پی او ان کے بیٹے کی موت کے دن ان کے گھر آیا تھا اور کرن سنگھ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی تھی، جو اسی شام لاپتہ ہو گیا اور اگلے دن اس کی لاش جنگل کے علاقے ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔احتجاج کی قیادت سرپنچ پنچاری، کلدیپ کمار شرما، سرپنچ اپر میر نوینا دیوی اور سرپنچ کلت یار پون کمار کر رہے تھے ۔