اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل کیلئے ٹھو س لائحہ عمل وضع کرے،کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر20 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر قیادت نے امید ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ نیویارک میں جاری جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے دوران کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے کوئی ٹھوس لائحہ عمل وضع کرے گا تاکہ پرامن دنیا کی مضبوط بنیاد یں فراہم ہو سکیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دیگر سینئر رہنمائوں شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان اور آسیہ اندرابی نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے جاری اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیر اور فلسطین اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود سرفہرست عالمی تنازعات ہیں اور ن دونوں حل طلب تنازعات کی وجہ دونوں خطوں میں جاری مسلسل خونریزی سے عالمی ادارہ کی مکمل ناکامی ظاہر ہوتی ہے۔ حریت رہنمائوں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہا کہ لاکھوں لوگوں کے سیاسی مستقبل سے متعلق تنازعات کو حل کیے بغیر ایک پرامن دنیا کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات اس وقت تک اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوالیہ نشان لگاتے رہیں گے جب تک کہ ان مسائل کو عالمی ادارے کی قراردادوں اور کشمیری اور فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا۔حریت رہنمائوں نے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل کیلئے عالمی برادری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیااورکہاکہ خطے کی تین جوہری طاقتیں پاکستان، بھارت اور چین اس تنازعے کے فریق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر واقعی اقوام متحدہ ایک پر امن دنیا کا خواب شرمندہ تعبیر کرنا چاہتا ہے تو اسے جنرل اسمبلی کے جاری 77ویں اجلاس کے دوران ان دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے ایک ٹھوس اور جامع لائحہ عمل وضع کر کے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق ،حق خودارادیت دلانے سے متعلق اپنے وعدے پورے کرے اور اقوام متحدہ کو مودی حکومت کو واضح پیغام دینا چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی آبادی، ثقافت اور شناخت کو تبدیل کرنے سے متعلق اپنے غیر قانونی اقدامات فوری طورپر روکے ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر اور دیگر رہنمائوں عزیر احمد غزالی ، الطاف احمد بٹ اور شبیر احمد نے اپنے بیانات میں عالمی ادارے سے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا ہے ۔