مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر:اسکولوں میں طلباء کو ہندو بھجن گانے پر مجبور کرنے کی شدید مذمت

 

سرینگر 23ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے مقبوضہ علاقے کے اسکولوں میں کشمیری طلباء کو ہندو بھجن گانے پر مجبور کرنے کی مذمت کی ہے ۔
آغا سید حسن الموسوی نے بڈگام میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں ہندو بھجن گانے کو لازمی قرار دینے کے سرکاری حکم نامے کو ہندوتوا ایجنڈے کی ایک اور اہم کڑی قراردیا۔انہوں نے کہاکہ یہ حکم نامہ مسلمانوں بچوں کے ایمان و عقیدے کے ساتھ کھلواڑ ہے اور انہیں اپنے دین و عقیدے کے منافی سرگرمیوں کیلئے مجبور کرنا آمرانہ اقدام ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اکثریتی وادی کشمیر کے اسکولوں میں اس حکم نامے پر عمل درآمد کی کوششیں ناقابل قبول ہیں کیونکہ شرعی اعتبار سے یہ معاملہ مسلمانوں کیلئے انتہائی فکر اور تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اقلیتوں سے متعلق بھارتی آئین میں دی گئی ضمانتوں اور حقوق کو یکسر نظر انداز کررہی ہے۔ آغا حسن الموسوی نے کہا کہ مسلمانوں بالخصوص کشمیری عوام کیلئے یہ ایک غیر معمولی معاملہ ہے جس کے خلاف ہر ممکن احتجاج کیاجائے گا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما خواجہ فردوس نے ایک بیان میں او آئی سی کے رابطہ گروپ کے وزرا خارجہ کا اجلاس نیویارک میں اقوام متحدہ کی 77ویں جنرل اسمبلی کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ میں جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت سے متعلق اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرنے کاخیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ او آئی سی کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت ہمیشہ سے کشمیری عوام کیلئے باعث تقویت رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے موثر انداز میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کوعالمی برادری کے سامنے دلائل کے ساتھ پیش کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔خواجہ فردوس نے کہاکہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حتمی حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری جنرل شیخ عبدالمتین نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کشمیر کاز کو موثر انداز میں اجاگر کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کا یہ بیان کہ ”کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان کشمیر ہے ”سے پاکستان کے کشمیر کے بارے میں غیر متزلزل موقف کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس بیان سے بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بالخصوص کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء بلاول بھٹو زرداری کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور اس امید کا اظہار کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان تنازعہ کشمیر کے ایک فریق کے طور پر اس کے حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے گی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button