سرینگر جموں ہائی وے پرمٹی کے تودے گرنے سے ٹریفک کی آمدو رفت میں رکاوٹ
جموں 25ستمبر(کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سرینگر جموں ہائی وے پر مہر-کیفے ٹیریا موڑ پر مرمتی کام اور میہڑ کے مقام پر مٹی کے تودے اور چٹانیں گرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔
ناشری اور بانہال کے درمیان مختلف مقامات پر سڑک کی تنگی اور خانہ بدوشوں کی مویشیوں کی نقل و حرکت کے باعث بھی ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔میہڑ میں ہائی وے پر ٹریفک کی روانی میں خلل کی وجہ سے ٹریفک حکام نے قاضی گنڈ سے جموں کی طرف بڑی گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہیں دی۔ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ میہڑ کے قریب وقفے وقفے سے چٹانیں گرنے کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت میں کئی مواقع پررکاوٹ پیدا ہوئی ۔ٹریفک پولیس کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ سڑک کی تنگی اور مویشیوں کی آمدورفت کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا۔ہائی وے پر بہت سے مقامات پر سڑک کی تنگی کی وجہ سے دو گاڑیاں ایک ساتھ نہیں گزرسکتیں جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہوتا ہے۔