غلام نبی آزاد کی ڈیموکریٹک آزاد پارٹی مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بی جے پی کی ذیلی تنظیم ہے
سرینگر26ستمبر(کے ایم ایس) کانگریس کے سابق رہنما غلام نبی آزاد نے پیر کو اپنی نئی سیاسی جماعت”ڈیموکریٹک آزاد پارٹی”بنانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی پارٹی کا جھنڈا بھی جاری کیا تاہم ان کے مخالفین کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹک آزاد پارٹی مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی ذیلی تنظیم ہے۔
یہ پیش رفت مبینہ طور پرمقبوضہ جموں و کشمیر میں حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاطر کام کرنے کے لیے غلام بنی آزاد کی کانگریس سے علیحدگی اختیار کرنے کے ایک ماہ بعد ہوئی۔انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں مقامی اور قومی میڈیا سے اظہار تشکر کرنا چاہتا ہوں، ہماری آزاد سوچ اور نظریہ ہوگا اور یہ ایک جمہوری جماعت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہم دفعہ 370کو انتخابی مسئلہ نہیں بنائیں گے۔کانگریس کے سابق رہنما نے کہا کہ ہماری ترجیح اپنی پارٹی کو رجسٹر کرنا ہوگا۔ انتخابات کسی بھی وقت ہوسکتے ہیں۔ ہم اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔غلام نبی آزاد کی پارٹی کے جھنڈے کا رنگ نیلا، سفید اور پیلا ہے۔ان کے مخالفین کا کہنا ہے کہ دفعہ370پر آزاد کا موقف اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ انہیں بی جے پی نے مقبوضہ جموں و کشمیرمیں خاص طور پر وادی چناب اور جموں کے دیگر علاقوں میں مسلمان ووٹوں کو تقسیم کرنے کے لیے میدان میں اتارا ہے۔