مودی حکومت نے پاپولر فرنٹ پر پابندی کے بعد سوشل میڈیا اکائونٹس بھی معطل کر دئے
نئی دلی 29ستمبر (کے ایم ایس)
بھارت میں مودی کی فسطائی حکومت کی طرف سے مسلم پاپولر فرنٹ آف انڈیااور اس سے وابستہ ذیلی تنظیموںپر پابندی عائدکئے جانے کے بعد فرنٹ کے سوشل میڈیا کاائونٹس بھی معطل کر دئے ہیں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پاپولر فرنٹ اور اسکی 8ذیلی تنظیموں پر گزشتہ روزایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں چھاپوں اور تنظیم کے240سے زائد رہنمائوں اور عہدیداروں کی گرفتاری کے بعد غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی ۔ اب مودی حکومت نے فرنٹ اور اسکے عہدیداروں کے سوشل میڈیا اکائوٹس بھی معطل کرد ئے ہیں ۔ پی ایف آئی کے کئی ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا اکائونٹس کو بند کر دیا گیا ہے جن میں پی ایف آئی کا آفیشل ٹوئٹر اکائونٹ اورفرنٹ کے چیئرمین عبدالسلام سمیت کئی عہدیداروں کے ٹوئٹر اکائونٹس شامل ہیں۔اس کے علاوہ تنظیم کے بعض ریاستی عہدیداران کے سوشل میڈیا اکائونٹس کو بھی غیر فعال کردیاگیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق پی ایف آئی سے وابستہ ارکان کو خود تنظیم کی دستاویزات اور دیگر معلومات مقامی پولیس کو فراہم کرنا ہوں گی بصور ت دیگر انہیں گرفتار بھی کیاجاسکتا ہے ۔
ادھر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے ایک بیان میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت یو اے پی اے کے کالے قانون کے تحت بھارت میں ہر مسلم نوجوان کو گرفتار کر سکتی ہے ۔