پاکستانی ڈو زیئر سے بھارت کا سفاک چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ، احسن اونتو
سرینگر 30ستمبر ( کے ایم ایس )
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی جنگی جرائم اور مظالم کے حوالے سے پاکستان کے تیار کردہ ڈوزیئر کی توثیق کرنے پر عالمی برادری کے کردار کو سراہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونٹو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ستر ممالک نے مسئلہ کشمیر کے ایک بنیادی فریق پاکستان کے تیار کردہ ڈوزیئر کی توثیق کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو شرم آنی چاہیے کیونکہ اس کا سفاک چہرہ اور جنگی جرائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو معاشی مفادات سے بالاتر ہو کر مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور جنگی جرائم میں ملوث بھارتی اہلکاروں کو سزا دینے کے لیے بھارت پر دباﺅ ڈالنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو چاہیے کہ وہ جنوبی ایشیا کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں دیر پا امن کو یقینی بنانے کیلئے تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کریں۔