اقوام متحدہ :پاکستانی مندوب کی سلامتی کونسل کے صدر سے ملاقات،وزیر خارجہ بلاول کا خط انہیں پہنچایا
اقوام متحدہ14اکتوبر (کے ایم ایس )
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے صدر سے ملاقات کی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کاخط ان کے حوالے کیاجس میں انہوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جمو ں و کشمیر کی خطرناک صورتحال بارے آگاہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مشن کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ اپنے خط میں بلاول بھٹو زرداری نے سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گو تریس پر زور دیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے مسئلے کا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔پاکستانی مندوب نے اس سے قبل جنرل اسمبلی کی سپیشل پولیٹکل اینڈ ڈی کالونائزیشن (فورتھ)کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کو جدید دور کے نوآبادیاتی نظام کا بدترین مظہر قرار دیتے ہوئے دہائیوں سے حل طلب اس تنازعے کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ 1946کے بعد سے اب تک80سابق نوآبادیاں آزادی حاصل کر چکی ہیں لیکن کچھ لوگوں کو اب بھی حق خود ارادیت دینے سے انکار کیا جا رہا ہے اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین اس کی نمایاں مثالیں ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر کیلئے سلامتی کونسل کی صدارت گیبون کے سفارت کار مائیکل بیانگ کے پاس ہے۔