پاکستان کا صدر ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم
اسلام آباد:پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاک بھارت تعلقات کے حوالے سے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی ، مفاہمت کی حمایت میں دیگر دوست ریاستوں اور امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں جو کشیدگی میں کمی اور علاقائی استحکام کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ہم صدر ٹرمپ کی جانب سے تنازعہ جموں و کشمیر کے حل کی کوششوں کی حمایت پر آمادگی کے اظہار کو بھی سراہتے ہیں ۔ یہ ایک دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے جس کے جنوبی ایشیا اور خطے سے باہر امن و سلامتی کے لیے سنگین مضمرات ہیں۔پاکستان اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ تنازعہ جموں و کشمیر کا کوئی بھی منصفانہ اور دیرپا تصفیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے اور کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سمیت بنیادی حقوق کو یقینی بنانا چاہیے۔بیان میں کہاگیا کہ پاکستان خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کی کاوشوں میں امریکہ اور عالمی برادری کے ساتھ شامل ہونے کے لیے پرعزم ہے، ہم امریکہ کے ساتھ کثیر الجہتی شراکت داری اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں ۔