پاکستان تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے پرعزم ہے، قمر زماں
اسلام آباد20اکتوبر (کے ایم ایس)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ بھارت طاقت کے زور پر تنازعہ کشمیر کے حل کو التواءمیں ڈال سکتا ہے لیکن زیادہ دیر تک کشمیریوں کو محکوم نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر فورم پر تنازعہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے،تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اقوام عالم کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر بھی آگاہی کی ضرورت ہے۔
قمر زمان کائرہ آج (جمعرات ) وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان کے زیر اہتمام بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں قانونی پہلو اور پیش بندی کے موضوع پر منعقدہ جوڈیشل مشاورتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر جوڈیشل مشاورتی کانفرنس کا مقصد کشمیر کے مقدمہ پر قانونی رہنمائی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے ،پاکستان کشمیر کے تنازعہ کے حل کے لئے پرعزم ہے،بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد سے انکار کر رہا ہے اور وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لئے غیر ریاستی باشندوں کو ڈومیسائل جاری کر رہا ہے اور انہیں ووٹ کا حق دے رہا ہے۔ قمر زمان کائر ہ نے کہا کہ کشمیر ی حریت پسندوں نے اپنی قربانیوں سے اس مسئلہ کو زندہ رکھا ہوا ہے اور جو قوم اتنی قربانیاں دے اس کو زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر پوری قوم متحد ہے،کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کا دل دھڑکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے عالمی فورمز کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر بھی آگاہی کی ضرورت ہے،اس پر تعلیمی اداروں میں مکالمہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات میں کشمیر چیئرزکے قیام کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آنے والی نسل کو تنازعہ کشمیر کی حساسیت سے آگاہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ہم کوشش کریں گے کہ اس مسئلہ کو ادارہ جاتی بنیادوں پر آگے لے جائیں۔
سابق چیف جسٹس آزادجموں و کشمیر سید منظور گیلانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سفارتی طور پر ہی حل ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔انہوںنے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ میں اسی لئے گیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو طوالت دینا چاہتا تھا اور وہ اس میں کامیاب رہا۔سید منظور گیلانی نے کہا کہ بھارت میں متشدد بی جے پی کی حکومت ہے جس نے دفعہ370 ختم کر کے سب سے خطرناک واردات ڈالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کشمیر کے حوالے سے پالیسی میں تسلسل کی ضرورت ہے ۔ کانفرنس سے آزاد جموںوکشمیر کے سابق چیف جسٹس اعظم خان ، سابق چیف جسٹس محمد ابراہیم ضیا ،جسٹس ریٹائرڈ سردار عبدالحمید خان، سردار کرم داد خان ایڈووکیٹ ،سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد، سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ راجہ اعجاز ایڈووکیٹ،سردار حبیب ایڈووکیٹ اورچوہدری نعیم ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔