سرینگرمیں حریت دفتر پر حملے کی مذمت،ڈوڈہ میں پوسٹر چسپاں
جموں، 20 اکتوبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز لیگ نے ہندو غنڈوںکی طرف سے سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیف آرگنائزر ظہور شیخ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی کی فسطائی بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر پر حملہ بی جے پی حکومت کا ایک اور نوآبادیاتی ہتھکنڈہ ہے جس سے کشمیری ہرگز مرعوب نہیں ہونگے۔ انہوں نے چٹی سنگھ پورہ قتل عام میں بھارت ملوث تھا اور کشمیری پنڈتوں کے قتل کے پیچھے بھی اسی کا ہاتھ ہے۔ظہور شیخ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
دریں اثناءجموں خطے کے ضلع ڈوڈہ میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے ہندو انتہا پسندتنظیموں کی مسلم دشمنی کا پردہ چاک کیا گیا ہے ۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ آرایس ایس ، جن سنگھ اور دیگر ہند و انتہا پسند تنظیموں نے 1947 میں جموں، ادھمپور، کٹھوعہ ، سامبا اور دیگر علاقوں میں لاکھوں مسلمانوں کو قتل کیا ۔
پوسٹروں میں کہا گیا کہ بی جے پی مسلمانوں کے وجود کی دشمن ہے ۔ پوسٹروں کے ذریعے کشمیریو ں پر زور دیا گیا کہ وہ آرایس ایس ، بی جے پی اور دیگر ہندو انتہا پسندوں جماعتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رہیں اور انکی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوںمیں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔