بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم ڈھانے کا نیا سلسلہ شروع کررکھا ہے: مشال ملک
اسلام آباد 03 اکتوبر (کے ایم ایس)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور جیل میں نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشال حسین ملک نے کہا ہے کہ آج جب دنیا عدم تشدد کا عالمی دن منارہی ہے ،بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم ڈھانے اور خوف ود دہشت پھیلانے کا نیا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشال حسین ملک نے آج عدم تشدد کے عالمی دن کے موقع پر ایک بیان میں کہا کہ کشمیری بھارتی مظالم کی بھاری قیمت اداکررہے ہیں لیکن دنیانے بھارتی فورسز کی ان غیر انسانی کارروائیوںاور بربریت سے اپنی آنکھیں بند کررکھی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ امن اور انسانی حقوق کے نام نہاد علمبردار ظلم وستم کی تمام حدیں پار کرنے کے باوجود نریندر مودی کی فسطائی حکومت کے خلاف بولنے کی جرات نہیں کرتے۔ انہوں نے کہاعدم تشدد کا عالمی دن کشمیریوں کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتا کیونکہ وہ بھارت کے فوجی قبضے کی وجہ سے مسلسل مصائب کا شکار ہیں۔حریت رہنما نے کہا کہ کشمیر ی کئی دہائیوں سے سفاک بھارتی فوجیوں کی طرف سے گولیوں ، چھروں ، تشدد ، نظربندی اور جنسی حملوں کا سامنا کر رہے ہیں لیکن عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں وادی میں جاری ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات کرنے کے بجائے محض عدم تشدد کا دن منا رہی ہیں۔ مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ وادی مسلسل غیر انسانی فوجی محاصرے میں ہے اور قابض فورسز کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر پرتشدد واقعات سامنے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف ماہ ستمبر میں14 کشمیری بھارتی گولیوں کا نشانہ بنے۔ انہوں نے کہاکہ عدم تشدد کا عالمی دن منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کشمیریوں کے خلاف جرائم پر بھارت کا محاسبہ کیاجائے اورمودی حکومت کو وادی میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں سے رو کا جائے۔