عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اسکے جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے ، احسن اونتو
سرینگر 02نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں و کشمیر کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد احسن اونتو نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری ریاستی دہشت گردی پربھارت کو جوابدہ ٹھہرائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد احسن اونتو نے جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا کہ پوری دنیا یوکرین کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے لیکن اس نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی دہائیوں سے جاری بھارتی مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کو بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو معاشی مفادات کی بجائے بھارت کے انسانی حقوق کے ریکارڈ سے منسلک کرنا چاہیے ۔احسن اونتو نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی جان بلنکن نے ممبئی حملوں کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھالیکن انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ انہوں نے کپواڑہ، سوپور، گائو کدل، ہندواڑہ، حول، نواع کدل، بجبہاڑہ اور چھٹی سنگھ پورہ قتل عام کے علاوہ کنن پوشپورہ اجتماعی عصمت دری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے متاثرین کے ساتھ ہمدردی کے اظہار کیلئے ایک بھی لفظ ادانہیںکیا۔