جموں:اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے بیسیوں کارکن گرفتار
سرینگر 11نومبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں اپنے مطالبات کے حق میں جموں پریس کلب کے باہراحتجاج کرنے والے بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز سے وابستہ بیسیوں کارکنوں کو بھارتی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتیہ مزدور سنگھ سے وابستہ آنگن واڈی ورکرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جموں کے اراکین نے پریس کلب میں جمع ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں قابض انتظامیہ کے خلاف احتجاج شروع کر دیا۔ پرامن مظاہرین کو پولیس نے زدوکوب کیا اوران میں سے متعدد کو گرفتار کر لیا۔اس سے قبل مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ مزدور سنگھ کے رہنما اشوک چوہدری نے کہا کہ آنگن واڈی کارکن طویل عرصے سے مقبوضہ علاقے میں کام کر رہے ہیں اور انہیں 2010 سے بالترتیب صرف 600اور 300روپے ماہانہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ایک اور لیڈر روشو شرما نے بتایا کہ اپریل 2022سے اب تک انہیں تنخواہ ادا نہیں کی گئی ہے اور جنوری سے مارچ 2019تک کی تنخواہ بھی نہیں دی گئی ہے۔انہوں نے ورکنوں کو ان کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ۔