بی جے پی بھارت کے الیکشن کمیشن کو تباہ کر رہی ہے: محبوبہ مفتی
سرینگر12نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی بھارت کے الیکشن کمیشن کو اس حد تک پامال کر رہی ہے کہ اب یہ ایک آزاد ادارہ نہیں رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے مقبوضہ جموں وکشمیرکے ضلع اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کا ایک ذیلی شعبہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی جو چاہتی ہے ،کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے حالانکہ حکمران جماعت نے قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ محبوبہ مفتی نے کہاکہ ہماچل پردیش میں بی جے پی کی قیادت نے مذہبی بنیادوں پر انتخابات کے لیے مہم چلائی،مسلمانوں کو کھلے عام دھمکیاں دی گئیں لیکن الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ میں کیسے کہہ سکتی ہوں کہ جموں و کشمیر میں الیکشن کب ہوں گے؟ اس کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا اور جب بی جے پی کہے گی تو وہ انتخابات کا اعلان کرے گا۔پی ڈی پی صدر نے کہاکہ بی جے پی محض انتخابات میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے کشمیری پنڈتوں کے درد کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔انہیں کسی کی فکر نہیں، چاہے وہ کشمیری پنڈت ہوں یا کوئی اور۔ وہ صرف الیکشن جیتنا چاہتے ہیں۔