مودی حکومت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے ، نعیم خان
سرینگر 16نومبر (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیرقانونی طورپر نظربندسینئر رہنماء نعیم احمد خان کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں شہری آبادی کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے ۔
نظربند نعیم احمد خان نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل جاری ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کو اپنا عالمی طورپر تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر بدترین ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ کشمیریوں کو گزشتہ 7دہائیوں سے بھارتی ظلم و جبر کا نشانہ بن رہے ہیں اور بھارتی فوجی کشمیریوں کے آزادی کے مطالبے کا جواب گولیوں اور لاٹھیوں سے دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ فوجی طاقت کے ذریعے کبھی کسی قوم کومحکوم نہیں رکھا جاسکتا ہے ۔انہوںنے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ دبھارت پرد یرینہ تنازعہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کیلئے دبائو بڑھائیں۔
ادھر جموں و کشمیر مسلم لیگ نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ جارح بھارت نے کشمیری عوام بالخصوص حریت رہنمائوں اور کارکنوں بشمول کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو وحشیانہ مظالم کانشانہ بنایا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ 39مرتبہ لاگو کئے جانے کے باوجود مسرت عالم بٹ کوئی سمجھوتہ نہ کرنے اور ہر قیمت پر جدوجہد آزادی جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔