اترپردیش:علی گڑھ یونیورسٹی میں کشمیری طالب علم زخمی
علی گڑھ 17 نومبر (کے ایم ایس) بھارتی ریاست اتر پردیش کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کا ایک طالب علم اس وقت شدید زخمی ہو گیا جب ایک ساتھی طالب علم نے کرکٹ میچ کے دوران اس کے سر پر بلہ دے مارا۔
ایک دوستانہ میچ کے دوران کشمیری طالب علم ساجد حسین کو اس کے ہم جماعت شوبھت سنگھ نے معمولی جھگڑے کے بعد بلے سے سر میں وار کیا۔ وہ دونوں کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں بی ٹیک کر رہے ہیں ۔
ساجد حسین کو فوری طور پر بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا۔ وہ بدستور انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں ہیں۔جیسے ہی اس واقعے کی خبر کیمپس میں پھیلی، طلبہ کا ایک بڑا گروپ یونیورسٹی گیٹ پر جمع ہو گیا اور شوبھت سنگھ کو فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے کشیدگی میں اضافے کو روکنے کے لیے شوبھت سنگھ کو گرفتار کرلیا ہے۔ حملہ آورطالب اتر پردیش کا رہائشی ہے۔