بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آئی توبھارت تباہ ہو جائے گا، سی پی آئی
حیدر آباد17 نومبر (کے ایم ایس) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی آئی) نے کہا ہے کہ اگر 2024کے عام انتخابات میں بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آئی تو بھارت تباہ ہو جائے گا۔
سی پی آئی کے قومی جنرل سیکرٹری ڈی راجا نے ریاست تلنگانہ کے دارلحکومت حیدر آباد میں پارٹی اجلاس سے خطاب میں بی جے پی کی مرکزی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں مایوس کن کارکردگی کے نتیجے میں ملک بھر میں عوام میں شدید غم وغصہ پایا جاتا ہے اور اگر یہ جماعت دوبارہ برسراقتدارآئی تو ملک تباہ ہو جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اس نے ملک کو ترقی کے بجائے تباہی کے راستے پر گامزن کر دیا ہے، ملک میںجمہوریت اور جمہوری اداروں کی خطرہ لاحق ہو چکا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جمہوریت اور سیکولرازم کے تحفظ کیلئے 2024میں بی جے پی، آر ایس ایس کو شکست سے دوچار کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے اور ان دونوں فسطائی جماعتوں کو شکست دینے کیلئے کمیونسٹ ، سیکولراورجمہوریت پسند قومی اور علاقائی جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔