بھارت :مدھیہ پردیش میں پولیس کے ہاتھوں مسلمان شخص کا دوران حراست قتل
نئی دہلی23نومبر(کے ایم ایس)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پولیس نے ضلع گونا میں ایک مسلمان شخص کوگرفتارکرکے دوران حراست قتل کردیا۔
30سالہ اسرائیل خان کو پولیس نے گوکل سنگھ چک میں اس کے گھر کے قریب اس وقت گرفتارکرلیا جب وہ بھوپال میں ایک مذہبی اجتماع میں شرکت کے بعد رکشے میں گھر واپس جا رہاتھا۔ پولیس اہلکاروں نے اسے پوچھ گچھ کے دوران شدید تشددکا نشانہ بنایا۔ جب اسرائیل بے ہوش ہو گیا تو اسے ڈسٹرکٹ ہسپتال لے جایا گیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اسرائیل خان کے اہل خانہ نے دیگر لوگوں کے ہمراہ ان کے قتل پر ڈسٹرکٹ ہسپتال میں احتجاج کیا۔ انہوں نے میت لے کر ہائی وے پراحتجاجی مظاہرے بھی کیے اور قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا گیا اور کینٹ تھانے میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے لواحقین کا کہنا تھا کہ پولیس نے اسرائیل کو تھانے میں پوچھ گچھ کے دوران پیٹ پیٹ کرقتل کردیا۔اسرائیل کے والد منور خان نے کہاکہ میرے بیٹے کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔خاندان کے ایک رکن نے کہاکہ پولیس والوں نے ان سے ایک لاکھ روپے مانگے تھے لیکن وہ صرف 30ہزار روپے ہی دے سکے۔ہم نے باقی 70ہزارروپے کا بندوبست کر لیا تھا لیکن رقم پہنچانے سے پہلے ہی اسرائیل کوقتل کردیا گیا۔