مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن، 500 سے زائد افراد پوچھ گچھ کے لئے طلب
سینکڑوں افراد زیر حراست، گھر گھر تلاشی اور چھاپوں کا سلسلہ تیز
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، چھاپوں اور شہریوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے، جبکہ گزشتہ چند روز کے دوران 500 سے زائد افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب اور سینکڑوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل گیانیندر پرتاپ سنگھ نے ہفتے کے روز سرینگر میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران وادی بھر میں کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں اعلیٰ افسران اور مختلف یونٹوں کے کمانڈروں نے شرکت کی۔
اجلاس میں آزادی پسند کارکنوں اور ان کے حامیوں کو نشانہ بنانے، فورسز کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور کارروائیوں میں تیزی لانے پر زور دیا گیا۔
یہ ہدایات ضلع کولگام کے علاقے نوپورہ اکھرن میں سی آر پی ایف کی ایک چوکی پر حملے کے بعد جاری کی گئی ہیں، جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے بعد بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں میں وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے۔
اس دوران مختلف علاقوں میں ناکہ بندی، گھر گھر تلاشی اور شہریوں کی شناختی جانچ کا سلسلہ بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ فورسز اہلکار لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کرنے کے علاوہ متعدد افراد کو حراست میں لے رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ شدید سردی کے موسم میں مسلسل چھاپوں، تلاشی کی کارروائیوں اور گرفتاریوں نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ بھارتی فورسز کی بھاری موجودگی اور مسلسل کارروائیوں کے باعث کشمیری عوام پہلے ہی شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔








