آزاد کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کے خلاف مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ

80a33ff8-968d-4910-b7ce-0db34738b7e8 مظفرآباد10دسمبر(کے ایم ایس) انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس جموں و کشمیر کے زیر اہتمام مظفرآباد کے برہان وانی چوک میں مقبوضہ جموں و کشمیر میںانسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق اس موقع پر مقررین نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کا قتل عام کر کے انہیں ان کے پیدائشی حق سے مکمل محروم کر دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں عالمی برادری انسانی حقوق کا دن منا رہی ہے وہیں دنیا کو بھارتی بربریت کیوں نظر نہیں آرہی ہے۔ مقررین نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو قتل گاہ بنا رکھا ہے، علاقے کی معیشت تباہ کردی گئی ہے ، لوگوں کو نماز کی ادائیگی سے محروم رکھا جارہا ہے ، جیلوں میں کشمیری نظربندوں کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں اوروادی کشمیر میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنی مجرمانہ خاموشی ترک کرکے خطے میں قیام امن کے لئے ٹھوس اقدامات کرے۔مقررین نے کہاکہ کہ نوے کی دہائی سے اب تک مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت نے پونے دو لاکھ بچوں کو یتیم کردیاہے،24ہزار خواتین بیوہ ہوگئی ہیں، 11ہزار عفت مآب بہنوں بیٹیوں کی بے حرمتی کی گئی ، 7ہزار گمنام قبریں دریافت ہوئی ہیں ،دوہزارتین سو خواتین کے شوہر گرفتاری کے بعد غائب کردیے گئے ہیں، 3ہزار 5سو افراد پیلٹ لگنے سے جسمانی طورپر معذورہوچکے ہیں جبکہ 4ہزار سے زائد کشمیری اب بھی مختلف جیلوں میں نظربند ہیں۔ مقررین نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کا قتل عام رو ک کر انہیںان کا بنیادی حق، حق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔احتجاجی مظاہرے میںمشتاق الاسلام ، سید اظہر گیلانی ،،عزیر غزالی ، محمد یونس میر ، شوکت جاوید میر ، راجہ سجاد لطیف ، عبدالرزاق خان ، شیخ مقصود ، سجاد عباسی ، ایڈووکیٹ مہتاب میر ، ڈاکٹر منظور ، طلال گیلانی ، جاوید مغل اورتنزیر اقبال سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں، سول سوسائٹی ، وکلا اور طلبا ء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن انتو کا پیغام بھی پڑھ کر سنایاگیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button