مودی حکومت کشمیریوں کے حقوق پر ایک ایک کر کے ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ میر شاہد سلیم
جموں15 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں”یونائٹڈ پیس الائنس“ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت 5 اگست 2019کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد یہاں کے باشندوں کے حقوق پر ایک ایک کر کے ڈاکہ ڈالارہی ہے۔
میر شاہد سلیم نے جموں میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے تمام جمہوری، سیاسی واقتصادی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں، لوگوں کی زمینوں ، مکانات اور دیگر املاک پر قبضہ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یکے بعد دیگرے ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جن کا واحد مقصد کشمیریوں کو سیاسی و اقتصادی لحاظ سے مفلوک الحال بنا نا ہے۔ میر شاہد سلیم نے کہا کہ بھارت اس وقت کشمیریوں کوبڑے پیمانے پر نوآبادیاتی سلوک کا نشانہ بنارہا ہے جسے مقبوضہ خطے لوگ ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔
انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط بنائیں۔