مقبوضہ کشمیر : کشمیریوں کی زمینیں چھیننے کے مودی حکومت کے اقدام کیخلاف مظاہرہ
جموں 19 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں سینکڑوں لوگوں نے بی جے پی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کی زمینیں چھیننے کے خلاف احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے ڈیٹی کمشنر رام بن کے دفتر تک تک مارچ کیا اور انہیں ایک یادداشت پیش کی جس میں لوگوں کو انکی اراضی سے بے دخل کرنے کے حکمنامے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ لوگوں کو ان کی اراضی سے بے دخل کرنے کے بی جے پی حکومت کے فیصلے سے ہزاروں خاندان متاثر ہونگے اور وہ ان سخت سردیوں میں بے گھر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکم واپس نہیں لیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔احتجاج کی قیادت کرنے والے ڈیموکریٹک آزاد پارٹی کے رہنما جی ایم سروری نے کہا کہ قوانین کا مقصد عام لوگوں کی فلاح و بہبود ہوتا ہے لیکن مودی حکومت کے نافذ کردہ قوانین لوگوں کو بے اختیار کرنے کے لیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عوام دشمن اقدام کے خلاف متحد ہیں۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کی زیرقیادت فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کے تمام اضلاع میں جاری بے دخلی مہم کو تیز کر دیا ہے تاکہ کشمیریوں بالخصوص مسلمانوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جا سکے جو نسل در نسل ان کی ملکیت میں ہے ۔ مقامی لوگوں سے اب تک ہزاروں کنال اراضی چھینی جا چکی ہے۔