مودی حکومت نے سکولوں کے طلباء اور سرکاری ملازمین کو یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب میں شرکت پر مجبور کیا
سرینگر27جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت نے بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروں کے ذریعے سکولوں کے طلباء ، اساتذہ اور سرکاری ملازمین کو 26 جنوری کواپنے نام نہاد یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات میں شرکت کیلئے مجبور کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام نے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر منانے کیلئے مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی اور دنیا کو ایک واضح اوردوٹوک پیغام دیاکہ وہ اپنی سرزمین پر بھارت کے جبری اور غیر قانونی قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔مقامی لوگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ بھارتی فوجیوں اورخفیہ ایجنسیوں نے لوگوں کو خاص طور پر سکولوں کی انتظامیہ اور سرکاری ملازمین کو یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ بھارتی فوج نے یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریبات متعدد علاقوںمیں منعقد کیں اور کشمیریوںکو ان تقریبات میں شرکت پر مجبور کیا۔ بھارتی فوج کے زیر اہتمام تقاریب میں متعدد علاقوں کے نمبرداروںاوران کے آلہ کاروں نے شرکت کی ۔