مقبوضہ جموں و کشمیر
بھارتی وزیر اجے مشرا کی برطرفی کیلئے کانگریس پارٹی کا احتجاجی دھرنا
جموں 12اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کانگریس کے کارکنوں نے بھارتی وزیر اجے مشرا کی برطرفی کیلئے جموں میں راج بھون کے باہر ایک خاموش احتجاجی دھرنا دیا ۔اجے مشرا کے بیٹے نے اترپردیش کے علاقے لکھیم پورکھیری میں آٹھ کسانوں کواپنی گاڑی تلے کچل کر قتل کردیاتھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بڑی تعداد میں کانگریس پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے راج بھون کے باہر احتجاجی دھرنے میں شرکت کی ۔ انہوں نے ہاتھوں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اجے مشرا کی برطرفی کا مطالبہ درج تھا۔راج بھوان کے باہر احتجاجی دھرنا کانگریس پارٹی کے لکھیم پور کھیر میں کسانوں کے قتل کے خلاف جاری احتجاجی پروگرام کا حصہ تھا ۔مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی اظہار تشویش کیا۔