بی جے پی ریاسی درجے کی بحالی میں تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے، کانگریس

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے ریاستی درجے کی بحالی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت اس حوالے سے جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانگریس مقبوضہ جموںوکشمیر شاخ کے قائمقام صدر تارا چند نے جموں میں پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ریاستی درجے کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کے لیے ملازمت اور اراضی کے حقوق کی بحالی چاہتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی نے ان تمام چیزوں کا وعدہ کیا تھا لیکن زعفرانی جماعت اب اس حوالے سے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے اور مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات کے دوران عوام سے کھوکھلے وعدے کیے ہیں ،اقتدار میں آنے کے بعد وہ ان وعدوں کو بھول گئی ہیں جس کی وجہ سے لوگ شدید مایوسی کا شکار ہیں۔







