خصوصی دن

برسلز میں شمعیں روشن کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی

 

برسلز06فروری(کے ایم ایس) یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پانچ فروری کو بیلجیم کے دارالحکومت برسلزمیں شمعیں روشن کرکے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا گیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق برسلز کے سنٹرل اسٹیشن کے سامنے یہ پروگرام کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام یورپ اسکوائر پر منعقد کیا گیا۔ اس دوران بھارت میں مسلمانوں پر تشدد اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے بارے میں پراجیکٹر پر بی بی سی کی ایک اہم ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ واضح رہے کہ بی بی سی کی اس دستاویزی فلم میں برطانوی وزارت خارجہ کی ایک غیرشائع شدہ رپورٹ کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ موجودہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی جو اس سے پہلے گجرات کے وزیراعلی تھے، گجرات کے فسادات کے دوران تشدد کا ماحول بنانے میں براہ راست ذمہ دار تھے۔ ان فسادات میں کئی ہزار لوگ مارے گئے جن میں زیادہ تر مسلمان تھے۔ دستاویزی فلم میں کشمیریوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔سنٹرل اسٹیشن برسلز پریوم یکجہتی کشمیر کے پروگرام کے دوران کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے بارے میں کچھ دیگر ویڈیوز بھی بڑی سکرین پر دکھائی گئیں۔ پروگرام کے دوران یورپ اسکوائر سے گزرتے متعدد یورپی باشندوں نے مسئلہ کشمیرمیں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔پروگرام کے دوران یورپ میں مقیم پاکستانیوں، کشمیریوں اور مختلف سماجی، فلاحی اور سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے نمائندوں نے موقع پر آکر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم لوگوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔پروگرام کے منتظم اور کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے اس موقع پر بتایاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی اہلکار انسدادتجاوزات کی آڑ میں اور عسکریت پسندی کا الزام لگا لوگوں کے گھروں کو مسمار کررہے ہیں۔ نوجوانوں کو جیلوں سے نکال کر ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے اور ڈومیسائل قوانین تبدیل کرکے بھارت ابتک بیالیس لاکھ غیر کشمیری باشندوں کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں سکونت کے اجازت نامے جاری کرچکا ہے۔علی رضا سید نے کہاکہ ہم مسئلہ کشمیرکے منطقی اور منصفانہ حل تک کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے اور مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے رہیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے ذریعے رائے شماری کرائی جائے تاکہ کشمیری عوام اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے پرامن جدوجہد کررہے ہیں۔علی رضاسید نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو بھارتی مظالم کا نوٹس لیناہوگا اور کشمیریوں کو ان کا حق دلواناہوگا۔ خاص طورپر اقوام متحدہ اور یورپی یونین کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیرکے منصفانہ حل کے لیے اپنا کرداراداکریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button