یوم سیاہ کے موقع پراسلام آباد میں ریلی ، اقوام متحدہ سے اپنا وعدہ پورا کرنے کی اپیل
اسلام آباد: امور کشمیر وگلگت بلتستان کے وزیر انجینئر امیر مقام نے اتوار کو وفاقی دارالحکومت میں کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ریلی کی قیادت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امیر مقام نے ریلی کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو 27اکتوبر 1947کی یاد دلائی جب بھارتی افواج غیر قانونی طور پرجموں و کشمیر میں اتریں۔ انہوں نے کہا کہ اس دن کو کوئی پاکستانی نہیں بھول سکتا۔انہوں نے کشمیریوں کے عزم وہمت کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے 77سال بعد بھی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے 97ہزارسے زائد کشمیری شہدائ،ہزاروںبیوائوں اور یتیم بچوں کی قربانیوں کو اجاگرکیا۔وفاقی وزیر نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں نسل کشی روکنے کے لئے اقدامات کرے۔انجینئر امیر مقام نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے اپنے وعدے کو پورا کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں رہنے والے کشمیریوں کے حقوق کا حامی رہا ہے اور اس نے ہمیشہ ان کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ انتخابات نے بھارت کے بیانیے کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوںنے بھارت پر زور دیا کہ وہ اس الیکشن کو اپنی حکمرانی کے خلاف ریفرنڈم سمجھے۔
ستمبر 2024میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اٹھانے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے امیر مقام نے یقین دلایا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ریلی سے دیگر لوگوں کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد فاروق رحمانی,محمود احمد ساگر، مشال حسین ملک اور زمرد خان نے بھی خطاب کیا-